سری لنکن دارالحکومت کولمبو میں شدید بارشوں کے باعث ایشیا کپ 2023 کا دوسرا مرحلہ منتقل کئے جانے کا امکان ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل نے کولمبو میں بارشوں کے طویل سلسلے کے باعث ایشیا کپ کے دوسرے مرحلے کو کسی اور شہر میں منتقل کرنے پر سوچ بچار شروع کر دی.ہے۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ ایشیا کپ کا سپر فور مرحلہ کولمبو سے منتقل کر کے ڈمبولا میں کروانے کے آپشن پر غور کیا جا رہا ہے جبکہ کینڈی پالے کیلے میں بھی میچز منتقل کیے جانے کی تجویز زیر غور ہے۔
یاد رہے کہ ہفتہ کے روز پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والا میچ بھی بارش کے باعث مکمل نہیں ہو سکا تھا۔
کولمبو میں بارشوں کے باعث سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں جبکہ پریماداسا کرکٹ اسٹیڈیم بھی بارشی پانی سے بھر چکا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل اور پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) حکام کے درمیان ہنگامی رابطہ ہوا ہے اور اس معاملے پر مشاورت بھی کی گئی ہے۔
دوسری جانب پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈ نے اس معاملے پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے اور ایشین کرکٹ کونسل ان تحفظات کی روشنی میں اپنا ہوم ورک کرے گی جس میں مختلف آپشنز پر غور کیا جائے گا۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق ایسا وینیو تلاش کی جانے کی کوشش کی جائے گی جہاں ان دنوں بارشیں نہیں ہورہی.جبکہ دمبولا ایسا وینیو ہے جہاں ان دنوں بارشیں نہیں ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ نیا وینیو تلاش کرنے کے بعد اے سی سی پی سی بی کو آگاہ کرے گی اور حتمی فیصلہ کرنے کے لئے بہت جلد اجلاس ہوگا۔
خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پہلے ہی بارشوں کی وجہ سے ایشیاء کپ متاثر ہونے پر اپنے تحفظات سے آگاہ کیا تھا تاہم سری لنکا میں ان دنوں میں میچز کروانے کا فیصلہ ایشین کرکٹ کونسل نے کیا تھا۔