وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کا وفاقی بجٹ پر تحفظات کا اظہار – Pakistan

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ شہبازشریف کی نیت پرشک نہیں ہے مگر وزیراعظم کی ٹیم کے کچھ لوگ وعدے پورے کرنے سے روک رہے ہیں۔

خیبرپختونخوا کے ضلع سوات میں جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم سے ملاقات میں تحفظات سے آگاہ کردیا ہے، وفاقی حکومت نے سیلاب متاثرین کیلئے مناسب فنڈ نہیں رکھے، وفاقی بجٹ میں پیپلزپارٹی کی کم تجاویز شامل کی گئیں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اتحادیوں سے کہتا ہوں ہمت پکڑیں الیکشن کی تیاری کریں، ہم سمجھتے ہیں الیکشن وقت پر ہونے چاہئیں، پیپلزپارٹی انتخابات کیلئے تیارہے،انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی دور میں روزگار دیا گیا کٹھ پتلی تو روزگار چھینتا تھا۔ کوئی ایسی جماعت نہیں جوپیپلزپارٹی سےمقابلہ کرسکے، پیپلزپارٹی کامقابلہ بیروزگاری اورمہنگائی سے ہے، سیاسی جماعت سے نہیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے مزید کہا کہ نیب کیس اور ایک رات جیل میں گزارنے کی وجہ سے اعلان جنگ کردیا گیا، اگر ہم انتقام کا نعرہ لگاتے تو ملک جل جاتا، ہم نےایک ہی نعرہ لگایاجمہوریت ہی ہمارا انتقام ہے۔

وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے ملزمان کو معاف نہیں کرسکتے عبرتناک سزادیں گے، جو ہوا ہرشہری اس کی مذمت کرتاہے۔ سیاسی دہشتگردی کا جواب سختی سے نہیں دیں گے تویہ بڑھے گی، ہمیں سیاسی دہشت گردی کو بھی روکناپڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن ہوگا تو تجارت ہوگی، امن ہوگا تو خیبر پختونخوا کا کوئی مقابلہ نہیں کرسکےگا، ہم نےامن قائم کرنا ہے دہشتگردوں کو پیغام دینا ہے دہشتگردی چھوڑو، امن کےلیے کسی دہشت گرد کے سامنے جھکنے کو تیارنہیں، کہا ایک بار پھر دہشتگردی کا خطرہ موجود ہے،پیپلزپارٹی سوات کےعوام کے ساتھ ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ تمام دہشت گرد افغانستان بھاگ چکے تھے انہیں دوبارہ آباد کروایا گیا، حکومت سنبھالی تو فیصلہ کیا دہشتگردوں سے لڑیں گے امن قائم کریں گے، سوات کےعوام کی طرح بینظیر بھٹو بھی کبھی دہشتگردوں سے نہیں ڈریں۔

en_GBEnglish
%d bloggers like this: